شیعیان اہل بیت(ع) کے مرجع تقلید، آیت اللہ
العظمیٰ سیستانی نے اپنے پیغام میں حزب اللہ
لبنان کے سیکریٹری جنرل شہید سید حسن نصر اللہ کی شہادت پر پیغام تعزیت جاری کیا
جس کا متن درج ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحيم
"مِنَ الْمُؤْمِنِينَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللَّهَ
عَلَيْهِ فَمِنْهُمْ مَنْ قَضَىٰ نَحْبَهُ وَمِنْهُمْ مَنْ يَنْتَظِرُ وَمَا
بَدَّلُوا تَبْدِيلًا؛
(سورہ احزاب، آیت 23)
ایمان والوں میں کچھ اشخاص ہیں جنہوں نے سچ کر
دکھایا اسے جو انھوں نے اللہ سے عہد و پیمان کیا تھا تو ان میں کچھ وہ ہیں جنہوں
نے اپنا وقت پورا کر لیا اور ان میں سے کچھ انتظار کر رہے ہیں اور انھوں نے [اپنے]
عہد میں ذرا بھی تبدیلی نہیں کی"۔
انتہائی غم اور صدمے کے ساتھ، بیروت کے جنوبی
ضاحیہ میں اسرائیلی دشمن کے المناک جرم کے نتیجے میں ـ علامہ حجت الاسلام
والمسلمین سید حسن نصر اللہ اور لبنانی مقاومت میں ان کے برادران ـ جبکہ درجنوں بے
گناہ شہری بھی ان کے ہمراہ تھے ـ کی شہادت کی خبر موصول ہوئی۔
یہ شہید حالیہ عشروں میں قیادت کا عدیم المثال
نمونہ تھے جنہوں نے لبنانی اراضی کو اسرائیلی جارحوں سے آزاد کرانے میں نمایاں
کردار ادا کیا، اور عراق کو داعشی دہشت گردوں کے چنگل سے آزاد کرانے کے لئے اپنی
پوری قوت سے عراقی قوم کی پشت پناہی کی اور فلسطین کے مظلوم عوام کو مدد پہنچانے میں
شاندار موقف اپنایا اور اپنی قیمتی زندگی کو اسی راہ میں قربان کر دیا۔
ہم اس عظیم مصیبت و خسران پر لبنان کے عزیز عوام
اور دوسری مظلوم اقوام کو تعزیت کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے التجا کرتے
ہیں کہ اس فقید سعید کو اپنی رحمت واسعہ اور مقام رضوان میں جگہ دے اور اعلیٰ علیین میں اپنے اولیاء ـ حضرت
محمد (صلی اللہ علیہ و آلہ) اور آپ کے خاندان پاک (علیہم السلام) کے ساتھ ہم نشیں
کر دے اور ان کے اہل خانہ اور تمام سوگواروں کو صبر جمیل اور اجر جزیل عطا فرمائے۔
إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَیْهِ رَاجِعُونَ
دفتر آیتاللہ العظمیٰ سیستانی - نجف
أشرف
مورخہ 24 ربیع الاول سنہ 1446ھ
28 ستمبر 2024ع