حزب اللہ لبنان کی انتظامی کونسل کے سربراہ نے لبنان کو خصوصی اہمیت دینے پر رہبر انقلاب امام خامنہ ای (مد ظلہ العالی) کا شکریہ ادا کیا۔ حزب اللہ کے وعدے سچے ہيں۔

31 دسمبر 2024 - 11:35
حزب اللہ لبنان نے رہبر معظم کا شکریہ ادا کیا

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کی انتظامی کونسل کے سربراہ شیخ علی دعموش نے لبنان کو خصوصی اہمیت دینے پر رہبر انقلاب امام خامنہ ای (مد ظلہ العالی) کا شکریہ ادا کیا۔  اور کہا: ہم ایران اور عراق کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو لبنان کی تعمیر نو میں مدد دینے کے لئے پرعزم ہیں۔

شیخ دعموش نے کہا: وہ سب لوگ، جو سمجھتے تھے کہ حزب اللہ جنگ کے متاثرین کو معاوضہ نہیں دے گی، آج ناامید ہوچکے ہیں۔ وہ خوش تھے کہ حزب اللہ اپنے عوام کے نقصانات کے ازالے کو اہمیت نہيں دیتی لیکن اس انقلابی اور مقاومتی جماعت نے جنگ کی ویرانیوں کے بیچ سے اٹھ کر عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے میں مصروف ہوئی۔

انھوں نے کہا: ہم شہیدوں کے خون اور مقاومت کے مجاہدین کے طاقتور بازوؤں کی مدد سے صہیونیوں کے ہاتھوں معرض وجود میں آنے والی تباہ کاریوں کی تعمیر نو کا کام مکمل کریں گے۔

شیخ دعموش نے کہا: تعمیر نو کے کام میں ـ بالخصوص سرحدی بستیوں میں ـ ان گھرانوں کو پہلی ترجیح دی جائے گی جن کے گھر مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو چکے ہیں،  تاکہ وہ جتنا جلد ہو سکے، اپنے گھروں کو واپس آئیں۔

انھوں نے کہا: جس طرح کہ مقاومت جارح دشمن پر فاتح ہو کر ابھری، تعمیر نو کرکے جنگ کی ویرانیوں پر بھی فتح حاصل کرے گی۔

حزب اللہ لبنان کی انتظامی کونسل کے سربراہ شیخ علی دعموش نے کہا: حزب اللہ ایک تباہ کن جنگ کے ویرانوں سے اٹھی یہ ثابت کرنے کے لئے کہ "اس کے وعدے سچے ہیں"۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110